نئی دہلی: ملک کے صدر رام ناتھ کووند، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھگوان برسا منڈا کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ برسا منڈا کے یوم پیدائش کو ملک بھر میں یوم قبائلی فخر کے طور پر آج منایا جارہا ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رانچی میں بھگوان برسا منڈا کے میوزیم کا افتتاح کریں گے۔
پیر کو ایک ٹویٹ پیغام میں کووند نے کہا ’’پوری قوم 15 نومبر کو بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کو 'قبائلی فخر کے دن' کے طور پر منارہی ہے۔ ریاست کے قیام کے دن کے موقع پر جھارکھنڈ کے لوگوں کو مبارکباد۔ میری دعا ہے کہ جھارکھنڈ قدرتی وسائل اور محنتی باشندوں کے زور پر ترقی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرے۔
اپنے پیغام میں سنگھ نے کہا’’ ’دھرتی آبا' بھگوان برسا منڈا کو ان کے یوم پیدائش پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ انہوں نے بھارت کی جنگ آزادی میں موثر کردار ادا کیا اور قبائلی سماج کو اس تحریک سے جوڑا۔ میں برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو ملک کی آزادی اور سماج کی بھلائی اور قربانیاں دینے کے لیے ہمیشہ تیار رھے۔
مزید پڑھیں:
امت شاہ نے کہا’’ قدرتی حسن، معدنی دولت، شاندار تاریخ اور ثقافت سے مالا مال جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر ریاست کے تمام لوگوں کو مبارکباد۔ مودی حکومت بھگوان برسا منڈا کی قربانی اور جدوجہد کی اس ’تپو بھومی‘ کی ترقی کے لیے مسلسل وقف ہے۔ میں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔
یو این آئی