بین الاقوامی اولمپک ڈے 2021 کے موقع پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے خاتون اولمپک میں تمغہ جیتنے والی کرنم ملیشوری کو دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کی پہلی وائس چانسلر کے عہدے پر تقرری کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح ہمارے لئے ایک بڑے خواب کی تکمیل ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد فخر ہے کہ اولمپک تمغہ جیتنے والی کرنم ملیشوری دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کی پہلے وائس چانسلر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی اسپورٹس یونیورسٹی میں پڑھنے والے طلبہ کرنم ملیشوری کی سربراہی میں پوری دنیا میں بھارت کا نام روشن کریں گے۔
نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیا نے دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کے وژن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک میں تمغہ جیتنے والی کرنم ملیشوری کو دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کی پہلی وائس چانسلر کی حیثیت سے تقرری کا اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ ہم ایک ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جہاں کھیلوں کی نشوونما ہو اور ہم اپنے کھلاڑیوں کو اس سطح پر لے جائیں جہاں وہ ہر اولمپکس میں بھارت کے لئے کم از کم 50 تمغے جیتیں۔
منیش سیسودیا نے کہا کہ ورلڈ کلاس اسپورٹس یونیورسٹی بنانے کا ارادہ نہ صرف روزگار پیدا کرنا ہے بلکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرانا ہے۔