نئی دہلی: دہلی میں واقع معروف تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرنیورشپ (سی آئی ای) پلیسمنٹ کی سہولت کے ساتھ آن لائن اور آف لائن متعدد اسکل بیسڈ قلیل مدتی کورسز شروع کر رہا ہے۔ ان کورسز میں ورکنگ پروفیشنلز، انٹرپرنیورز، یونیورسٹی کے طلبا، ملازمت کے خواہاں اور اسکول چھوڑنے والے لوگ داخلہ لے سکتے ہیں۔ ورکنگ پروفیشنلز کی مصروفیات کے پیش نظر شام کے بیچیز بھی چلائے جائیں گے۔
مرکزی یونیورسٹی میں شروع کیے جا رہے کورسز میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مبادیات، پرفارمینس مارکیٹنگ (گوگل ایڈز، فیس بک، اور انسٹاگرام ایڈز وغیرہ) فیشن ڈیزائنگ، بگنرز لرن ایکسیل، ویڈیو گرافی اور اسٹل فوٹوگرافی، ٹیلرنگ اور دست کاری کی بنیادی مہارت، ایڈوانسڈ ٹیلرنگ اور دست کاری، بیسک بیوٹیشین ٹریننگ، ایڈوانسڈ بیوٹی شین ٹریننگ، کمپوٹر ہارڈویئر اور نیٹ ورکنگ بیکری ٹریننگ، الیکٹریشین ٹریننگ اور پلمبر ٹریننگ وغیرہ کورسز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں بی اے ان اپلائیڈ اردو پروگرام کا افتتاح
مذکورہ کورسز میں داخلے کے خواہش مند حضرات گوگل فارم کو پُر کر کے 20 جولائی سے پہلے یا 20 جولائی 2023 کو خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے نیچے دیے گئے نمبرات پر رابطہ قائم کریں۔ +91-11-26981717 extn. 25902591 یا cie@jmi.ac.in پر لکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں جامعہ نے سوشل ورک کورسز میں بی اے آنرز کورس بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے لیے طلبہ 26 جون تک فارم بھر سکتے ہیں۔