خواجہ غریب نواز کے 811 ویں عرس کے موقع پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے سلطان الہند غریب نواز کی درگاہ پر چادر پیش کی ان کی جانب سے راجیہ سبھا سے ممبر آف پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی دہلی سے اجمیر شریف چادر پیش کرنے پہنچے تھے۔دراصل کانگریس اقلیتی ڈیپارٹمنٹ کے قومی صدر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی دارالحکومت دہلی سے اس روایتی چادر کے ساتھ راجستھان پہنچے۔ کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے سب سے پہلے چادر پیش کی اور ملک کی خوشحالی، امن و امان، بھائی چارگی کے لیے دعا کی اور زیارت کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا بلند دروازہ سے زائرین کو بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ میں اپنے آپ کو بہت خوش قسمت سمجھ رہا ہوں کہ میں خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی ؒ کے اجمیر شریف میں واقع ان کے مزار پر 811 ویں عرس مبارک کے موقع پر اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی طرف سے چادر بھیج رہا ہوں۔
خیال رہے کہ سلطان الہند کے آستانہ مبارک پر خالص جذبات اور عقیدت کے ساتھ چادر پیش کی جاتی ہے، چادر پیش کرنے کا یہ خوبصورت موقع گنگا جمنی ثقافت، قومی یکجہتی، باہمی اتحاد آپسی بھائی چارے، پیار و محبت، اور ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کے احترام کی ایک علامت ہے۔
اس سے پوری دنیا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ فرقہ وارانہ اتحاد اور بھائی چارے کی جڑیں ہندوستان میں بہت گہری ہیں، اس موقع پر راجستھان کانگریس کے انچارج سکھویندر سنگھ رندھاوا، ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ دوتاسارا، اقلیتی امور کے وزیر صالح محمد، وقف بورڈ کے صدر ڈاکٹر خانو خان بدھوالی، اس عالمی شہرت یافتہ عرس مبارک کے موقع پر رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ چادر پیش کرتے ہوئے اجمیر کی درگاہ میں کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی صدر عابد کاغذی، فرحان اعظمی، احمد خان، فہیم احمد، انصاف آزاد خاص طور پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں:urs Ajmer Sharif 2023 اجمیر درگا ہ کے احاطہ میں 811 واں عرس کا اہتمام کیا جائیگا