جاوید حبیب دائیں بازو کی سخت گیر سیاسی پارٹی میں کیوں شامل ہوئے اس کا جواب انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ اس خاص انٹرویو میں دیا ہے۔
جاوید حبیب نے بتایا کہ انھوں نے بی جے پی کے دور اقتدار میں مہارتوں کا فروغ دیکھا ہے اور ان کا پیشہ اسکل سے وابستہ ہے، انہیں ایسا لگتا ہے کہ ان کے بی جے پی میں شامل ہونے اور پارٹی کے حکومت میں آنے کے بعد حجامت کے پیشے کو فروغ ملے گا۔
ہجومی تشدد اور نفرت انگیز بیانات کی وجہ سے نشانے پر رہی بی جے پی کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جاوید حبیب نے کہا کہ یہ ملک اتنا بڑا ہے، یہاں اس طرح کے واقعات ہو ہی جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں برسوں سے سفر کر رہا ہوں، پورا ملک گھوما پھرا ہے لیکن میں نے کبھی عدم تحفظ کا احساس نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پارٹی میں آیا ہوں تو اپنی قوم کے لئے کچھ تو بولونگا، میں ملک کے ساتھ ساتھ اپنی قوم کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں اور بی جے پی ان کے لیے بہتر پلیٹ فارم ہے۔