دہلی: دارالحکومت دہلی میں اب شراب کی گھریلو فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ دہلی حکومت کی نئی ایکسائز پالیسی کے مطابق اب دہلی کے لوگ موبائل ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعہ گھر بیٹھے شراب آرڈر کرسکیں گے۔
ایکسائز (ترمیمی) قواعد، 2021 کے مطابق صرف 13 ایل لائسنس رکھنے والے شراب فروشوں کو لوگوں کے گھروں تک شراب پہنچانے کی اجازت ہوگی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایل -13 لائسنس رکھنے والے شراب فروش ہی موبائل ایپ یا آن لائن ویب پورٹل کے ذریعہ گھروں تک شراب پہنچا سکیں گے۔ کورونا کے دوران اب شراب کی دکانوں کے باہر قطار میں کھڑے ہونے کا مسئلہ اور بھیڑ کی صورتحال سے نجات ملے گی۔
تاہم اس نوٹیفکیشن کے مطابق ہاسٹل، آفس یا کسی بھی ادارے میں شراب کی ڈیلیوری کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں دہلی حکومت نے اپنی نئی ایکسائز پالیسی لائی تھی، جس میں بہت ساری اہم تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔