نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ ملک میں مکمل اکثریت کے ساتھ ایک مضبوط حکومت کو منتخب کرکے اور ٹھوس اور غیرمعمولی فیصلوں پر کام کرکے ملک کے لوگوں نے ہندوستان کے بارے میں دنیا کی دلچسپی اور نظریہ کو بدلی ہے اور جس کی وجہ سے ان کی حکومت کے تئیں لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملک بھر میں 508 ریلوے اسٹیشنوں کی از سر نو ترقی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ جدید سہولیات کے حامل یہ اسٹیشن، امرت بھارت اسٹیشن پروجیکٹ کے تحت تیار کیے جارہے ہیں، ہندوستانی ریلوے کی بحالی کی کوششوں کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی توانائیوں اور عزائم کی روشنی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ مودی نے کہاکہ ’’آج پوری دنیا کی نظریں ہندوستان پر لگی ہوئی ہیں۔ ہندوستان کے تئیں دنیا کا رویہ بدل گیا ہے۔ …نئے ہندوستان میں ترقی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کی راہ ہموار کر رہی ہے اور نوجوان ملک کی ترقی کو نئے بازو دے رہے ہیں۔
دنیا میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے قد کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ "یہ دو بڑے عوامل یہ ہے - پہلا ہندوستان کے عوام نے مکمل اکثریت کے ساتھ ایک مستحکم حکومت کو منتخب کیا اور دوسرا، حکومت نے غیر معمولی فیصلے کیے اور عوامی خواہشات کے مطابق اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد کیا اور ترقی کے لیے مسلسل کام کیا۔‘‘ ان کے اس بیان کو 2024 کے عام انتخابات کے پیش نظر عوام سے اپیل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ 26 اپوزیشن پارٹیاں اگلے عام انتخابات کے لیے ایک نئے اتحاد میں شامل ہو گئی ہیں اور اس طرح اگلا الیکشن حکمراں این ڈی اے اتحاد اور اپوزیشن کے 'انڈیا' اتحاد کے درمیان ہونے جا رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کے نو سال کے فیصلے اور ہندوستانی ریلوے میں کام اس کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ ان نو سالوں میں ملک میں بچھائے گئے ریلوے ٹریک کی لمبائی جنوبی افریقہ، یوکرین، پولینڈ، برطانیہ اور سویڈن کے مشترکہ ریلوے نیٹ ورک سے زیادہ ہے۔ ہندوستانی ریلوے میں توسیع کے پیمانے کا خاکہ تیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہندوستان نے جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے مشترکہ ریلوے نیٹ ورکس سے زیادہ ریلوے ٹریک بچھائے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم تقریباً پانچ سو ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی نو کا سنگ بنیاد رکھا
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ریل سفر کو قابل رسائی اور خوشگوار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "کوشش یہ ہے کہ ٹرین سے اسٹیشن تک بہترین ممکنہ تجربہ فراہم کیا جائے۔ اس تناظر میں انہوں نے پلیٹ فارم پر بیٹھنے کے بہتر انتظامات، اپ گریڈ شدہ ویٹنگ رومز اور ہزاروں اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کا ذکر کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ"اتنے سارے اسٹیشنوں کی جدید کاری سے ملک میں ترقی کا ایک نیا ماحول پیدا ہوگا... یہ امرت ریلوے اسٹیشن ہمارے ورثے میں فخر کی علامت ہوں گے اور ہر شہری کے دل میں فخر پیدا کریں گے۔" وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہندوستانی ریلوے کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بنانے پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو بہتر شناخت اور جدید مستقبل سے جوڑنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یو این آئی