نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے مسلم اکثریتی علاقہ عیدگاہ ویلکم جعفرآباد میں مرکز الخیر ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام 23واں پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کی پہلی نشست کا آغاز ہوگیا۔ اس اجلاس کے واحد خطیب معروف عالم دین و مفسر قرآن مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نے عید میلاد النبی کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمدؐ کی تشریف آوری انسانیت کی بقا اور اس کی فلاح کی ضامن ہے۔ Beginning of Fortnight Religious Meeting in Jafrabad
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نبیؐ نے ایک جامع ترین نظام زندگی اور مکمل آئین حیات عطا کیا ہے۔ آپؐ کی تشریف آوری کا مقصد بلکتی اور سسکتی انسانیت کو سکون عطا کرنا ہے۔ ایک ایسا ماحول جس میں لڑکیوں کو زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔ جہاں شراب نوشی زندگی کا حسن تصور کیا جاتا تھا، زنا کاری کا بازار عام تھا۔ قتل و غارتگری معاشرہ کا ایک حصہ بن چکا تھا۔ ایسے ماحول میں نبیؐ نے ایک ایسا صالح انقلاب برپا کیا کہ بدی پر نیکی کا غلبہ ہو گیا۔
مولانا نے کہا اسلام کی ایک اہم خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنی کوئی بات زبردستی نہیں منواتا۔ وہ اپنی ہر بات کے پیچھے دلائل و شواہد کا ایسا انبار لگا دیتا ہے کہ انسان کی زبان ہی نہیں انسان کا ضمیر پکار اٹھتا ہے کہ ہاں ہاں یہی حق ہے۔ مولانا بلگرامی نے یوم ولادت مصطفیٰؐ پر غیر شرعی حرکات کے تعلق سے کہا کہ لڑکے اور لڑکیاں اس موقع پر ڈانس کرتے ہیں اور طرح طرح کی نازیبا حرکتیں انجام دیتے ہیں، یہ محبت مصطفیؐ کے اظہار کی نہایت قبیح طرز ہے۔ امت کو اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔
اجلاس مولانا عبد الباسط قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا جب کہ نظامت کے فرائض مولانا محمد طاہر حسین قاسمی نے انجام دیے۔ اجلاس کا آغاز شیخ احمد جمیل مدنی کی تلاوت اور حافظ عبد الکلام کی نعت سے ہوا۔ اجلاس میں مولانا مفتی شمس الزماں قاسمی، مولانا انیق اختر، مولانا اسعد، مولانا حسان آزاد، حاجی محمد ناصر، حاجی محمد سرور کے علاوہ بڑی تعداد میں سامعین نے شرکت کی۔ رات دیر گئے مولانا بلگرامی کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔