دہلی میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد سے مسلسل کچھ سیاسی رہنما اقلیتی طبقے کے خلاف زہرافشانی کر رہے ہیں جس پر نوٹس لیتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر ان کے خلاف شکایت درج کی تھی ۔
اس خط میں اقلیتی کمیشن نے بی جے پی کے رکنِ پارلیمان پرویش ورما اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے ذریعہ کیے گئے اشتعال انگیز بیانات کا ذکر کیا تھا۔
جس پر دہلی الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر اور پرویش ورما کو دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران کسی بھی ریلی یا اجلاس میں خطاب کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک تقریب کے دوران نعرے بازی کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'ملک کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو' جب کے بی جے پی کے رکن پارلیمان پرویش ورما نے تقریب کے دوران کہا ہے کہ اگر بی جے پی اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو ایک ماہ کے اندر سرکاری زمین پر بنی تمام مساجد کو ہٹا دے گی۔ .