ڈی سی پی آر ساتھیا سندرم نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ جگت پوری پولیس اسٹیشن کے ٹائلس مارکیٹ کی ایک عمارت میں غیر قانونی کال سینٹر چل رہا ہے۔ اس کال سینٹر کے ذریعے امریکی شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی جارہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ضلع شاہدرہ کے اسپیشل اسٹاف، سائبر سیل اور جگت پوری تھانے کی کریک ٹیم نے جوائنٹ آپریشن کرتے ہوئے عمارت پر چھاپہ مارا اور جعلی کال سینٹر میں کال کرنے والے، ایڈمن، سینئر ایڈمن، کیئر ٹیکر سمیت 84 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گینگ ایمیزون کمپنی کے امریکی صارفین کو نشانہ بناتا تھا۔ سافٹ ویئر کے توسط سے، یہ گروہ ایمیزون کمپنی کے صارفین کو ایس ایم ایس کر کے یہ لالچ دیتا تھا کہ ان کے ایمیزون اکاؤنٹ میں 1000 ڈالر کریڈٹ ہوا ہے۔ پیغام موصول ہوتے ہی صارف جب دیے گئے نمبر پر فون کرتا تو گینگ کے ممبر بتاتے تھے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔ اس کو ٹھیک کرنے کے لیے کم از کم 99 ڈالر کا ایمیزون گفٹ واؤچر خرید کر، اس کی تفصیلات بتانی ہو گی۔ جب گاہک واؤچر خرید کر تفصیلات دیتے تو گینگ ممبر گفٹ واؤچر کو اپنے اکاؤنٹ میں کریڈٹ کروا لیا کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان میں شامل منو سنگھ پوار، راکیش کمار، سرجیت، جگدیپ اور پنکج اس گینگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ سب ہریانہ کے رہائشی ہیں۔ منو سنگھ پوار اس گینگ کا سرغنہ ہے۔ اس وقت وہ قتل کے ایک کیس میں ہریانہ کی ایک جیل میں بند ہے۔ وہ جیل سے ہی یہ ریکٹ چلا رہا تھا۔
مزید پڑھیں:
کیمور میں لکژری گاڑی سے بھاری مقدار میں شراب ضبط
ڈی سی پی نے بتایا کہ اس گروہ نے اب تک ہزاروں افراد کو دھوکہ دیا ہے۔ اس سے قبل گروگرام پولیس نے اس گینگ کا پردہ فاش کیا تھا۔