نئی دہلی: وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ دہلی حکومت کی خدمات اور معلومات اب ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔ کیجریوال نے منگل کو دہلی حکومت کے ویب پورٹل کے ساتھ مختلف محکموں کی 180 ویب سائٹس کو لانچ کیا۔ اس دوران انہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کے 50 محکموں کی 180 ویب سائٹس شروع کی گئی ہیں۔ تمام ویب سائٹس دہلی حکومت کے ویب پورٹل کے ساتھ مربوط ہیں۔ اس سے قبل 2008 میں دہلی حکومت کی ویب سائٹ بنائی گئی تھی جو پرانی ٹیکنالوجی پر مبنی تھی اور سرور بھی پرانی ٹیکنالوجی پر تھے۔ وہ ویب سائٹ موبائل اور ٹیب فرینڈلی نہیں تھی۔ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ہم کلاؤڈ پر چلے گئے ہیں اور سرورز کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران دہلی حکومت نے کچھ اسکیموں کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران ویب سائٹ پر ٹریفک اچانک بڑھ گئی اور سرور بھی کریش ہو گئے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ اب ہمارے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی ہے اور کافی اسپیس ہے۔ ہم آنے والے وقت میں اس بات پر بھی نظر رکھیں گے کہ لوگوں کی کیا ضروریات ہیں۔ کون سی چیزیں عوام زیادہ دیکھ رہے ہیں اور کون سی چیزیں عوام زیادہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا مستقبل آرٹیفیشل انٹیلیجنٹس ہے۔ ہم لوگوں کی خدمات بڑھانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنٹس کا حکومت کے کام کاج میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرسکتے ہیں، اس پر زیادہ توجہ دیں گے۔
دہلی کے آئی ٹی وزیر کیلاش گہلوت نے کہا کہ 2007-8 کے بعد اب مختلف سرکاری محکموں کی ویب سائٹ کی تشکیل نو ہوسکی ہے۔ اب تک ہم جب بھی کوئی پروگرام شروع کرتے تھے تو ٹریفک بڑھتے ہی ویب سائٹ کریش ہو جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ کے دوران پیرا ٹرانزٹ ڈرائیوروں کو 5000 روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت جیسے ہی ویب سائٹ پر ٹریفک بڑھتا تھا، ویب سائٹ کریش ہو جاتی تھی۔ نئی ویب سائٹ میں ان چیزوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ اب اگر ویب سائٹ پر لاکھوں ٹریفک فی سیکنڈ ہو تب بھی یہ کریش نہیں ہوگی۔ ویب سائٹ کو عوام دوست بنانے کے لیے تمام ضروری چیزوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ اب لوگ موبائل پر بھی بہت آسانی سے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Free Bus Pass in Delhi دہلی حکومت نے مزدوروں کو مفت بس پاس دینے کا اعلان کیا
یو این آئی