دہلی گڈس ٹرانسپورٹ آرگنائزیشن نے قومی دارلحکومت میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافہ کو فوری طورپر واپس لیا جائے۔
دہلی حکومت نے ڈیزل پر ویٹ 16.75 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کردیا ہے جس سے دارالحکومت میں یہ ایندھن منگل سے 7.10روپے مہنگا ہوکر 69.29 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ ڈیزل کی قیمت اب ملک کے چار بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔
دہلی گڈس ٹرانسپورٹ آرگنائزیشن کے صدر راجندر کپور نے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کی تنقید کرتے ہوئے اسے فوری طورپر واپس لینے کی مانگ کی۔
کپور نے کہا کہ 'ہم ٹرانسپورٹر کورونا وائرس کے اس مشکل وقت میں اپنی اور اپنے ملازمین کی جان کی پرواہ کئے بغیر ریاست میں کسی چیز کی کمی نہ ہو اس کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔ اس کا یہ انعام ملے گا اس پر یقین نہیں ہو پا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک بار میں اتنے اضافہ سے یقینی طورپر روز مرہ کی ضروری چیزوں کی قیمتوں میں بھاری اچھال آئے گا اور عام لوگوں پر اس کا برا اثر پڑے گا۔
واضح رہے کہ 'ممبئی میں ڈیزل کی قیمت 66.21، کولکتہ میں 65.22اور چنئی میں 68.22روپے فی لیٹر ہے۔'