نئی دہلی: شہید نانک سنگھ میموریل لیکچر سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے شہری ہوا بازی، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر مملکت (ایم او ایس) جنرل وی کے سنگھ نے خبردار کیا کہ بھارت میں چند عناصر تقسیم کی سیاست کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذہب اور ذات سے بالاتر ہو کر متحد رہیں۔ مرکزی وزیر برائے مملکت نےآنجہانی نانک سنگھ کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چھوٹی عمر میں تقسیم کے خلاف تحریک چلانے والے طلباء کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان دے دی۔ فوج میں ہم کسی کے مذہب یا ذات کا ذکر تک نہیں کرتے۔ فوج ہمیں اتحاد کی اہمیت سکھاتی ہے۔
جنرل سنگھ نے کہا کہ جیسا کہ انہوں نے تقریباً چار دہائیوں تک فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔ اس لئے انہیں اس کی بھرپور وراثت ملی ہے۔ اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ ہماری طاقت تقسیم میں نہیں ہو سکتی ہے۔ اتحاد میں طاقت ہے۔ جنرل نے کہا کہ 1857 میں نو آبادیاتی حکمرانوں کے خلاف ایک متحد تحریک چلی اور یہ وہ وقت تھا جب ایسٹ انڈیا کمپنی نے محسوس کیا کہ اس ملک کو صرف تب ہی کنٹرول کیا جا سکتا ہے جب یہ تقسیم ہو اور اسی لیے تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی اپنائی۔
بھارت کی ثقافت اور تاریخ کی تعریف کرتے ہوئے وی کے سنگھ نے کہا کہ ملک کے لوگوں کا اگر موازنہ کیا جائے تو پورے یورپ سے کہیں زیادہ ہے اور گرو گوبند سنگھ جو کہ دسویں گرو تھے، نے حملہ آوروں کے خلاف ہم سب کو متحد کرنے کی پوری کوشش کی۔ تقسیم سے پیدا ہونے والی تباہی کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تقسیم سب سے برا وقت تھا۔
یہ بھی پڑھیں:BBC Row بی بی سی کے دفاتر میں آج بھی چھاپہ ماری جاری، برطانوی حکومت کا اظہار تشویش
شہریوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی طاقت اتحاد میں ہے۔ آئیے تقسیم کی بیڑیاں توڑیں۔ مل جل کر رہیں اور ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ دہلی میں واقع بی بی سی کے دفتر پر محکمہ انکم ٹیکس کی تلاشی مہم کے چند گھنٹوں بعد اس تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیربرائے مملکت وی کے سنگھ نے شرکت کی۔ انہوں نے وزیراعظم مودی جی پر بنائی گئی دستاویزی فلم کی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم سے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔