نئی دہلی: دہلی کینٹ کے نانگل میں ایک 9 سالہ معصوم کے ساتھ گزشتہ روز ہوئی جنسی زیادتی کی تحقیقات اب کرائم برانچ کرے گی۔ اس معاملے کی تحقیقات مقامی پولیس نے کرائم برانچ کے سپرد کردی ہے۔ اس کی تصدیق جنوبی مغربی ضلع کے ڈی سی پی انجیت پرتاپ سنگھ نے کی ہے۔
اس معاملے کے حوالے سے اب ملک میں سیاست بھی تیز ہوگئی ہے۔ بدھ کو راہل گاندھی کے بعد، سی ایم اروند کیجریوال نے بھی متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ راہل گاندھی نے متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ متاثرین کے والدین بیٹی کے لیے انصاف کا مسلسل مطالبہ کررہے ہیں اور میں انصاف کے اس راستے پر ان کے ساتھ ہوں۔ وہیں اروند کیجریوال نے اس معاملے کی مجسٹریٹ سے جانچ کرانے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دہلی کینٹ علاقے کی رہائشی ایک معصوم اپنے والدین سے پوچھ کر شمشان گراؤنڈ میں واقع واٹر کولر سے پانی لینے گئی تھی۔ تقریباً شام 6 بجے کے قریب، شمشان کے پجاری نے مقتول کے اہل خانہ کو بلایا اور لڑکی کی لاش دکھائی۔ پجاری نے بتایا کہ بچی کو کرنٹ لگنے سے موت ہوئی ہے۔
متاثرہ لڑکی کے رشتہ داروں کی شکایت پر دہلی پولیس نے کیس درج کرکے معاملہ میں ملوث ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہلی کے ڈی سی پی انجیت پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت شمشان کے پجاری رادھے شیام، لکشمی نارائن اور 55 سالہ کلدیپ کے طور پر کی گئی ہے، جو شمشان گھاٹ کے پجاری ہیں۔