دہلی کی مختلف عدالتوں میں چوتھے زمرے کے اسامیوں کی بھرتی کے امتحان میں پیپر لییک کرنے والے گروپ کا پردہ فاش ہوا ہے اور اس معاملے میں کرائم برانچ نے اب تک 17 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ باقی ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
ایسے ہوا خلاصہ
دہلی کی مختلف عدالتوں میں تعیناتی کے لئے چوتھے درجے کے اسامیوں کی بھرتی کے لئے امتحان لیا گیا تھا۔ اس امتحان کو کرانے کی ذمہ داری نجی ایجنسی کو سونپی گئی تھی اور اس کے لئے دہلی میں کل 41 مرکز بنائے گئے تھے۔
مکمل امتحان کی نگرانی کے لئے ہائ کورٹ کے انتظامی افسروں اور ضلع عدالتوں کے افسروں کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔ کرائم برانچ کے ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ کوئی گروپ بڑے پیمانے پر پیپر لیک کر رہا ہے۔
اس کے بعد پولیس ٹیم نے روہنی کے قریب دو اسکولوں پر چھاپہ ماری کی، اس چھاپہ ماری میں کچھ طلبہ بلو ٹوتھ اور موبائل کی مدد سے پیپر لکھتے ہوئے پکڑے گئے۔ ان سے دور بیٹھا شخص پیپر حل کرنے میں ان کی مدد کر رہا تھا، وہیں ایک نوجوان دوسرے کی جگہ پر امتحان دیتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ان سبھی نوجوانوں کو حراست میں لے کر نقل کرا رہے لوگوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک کرائم برانچ نے تین ایف آئی آر درج کر کل 17 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
لاکھوں کی وصولی
کرائم برانچ کے ذرائع کے مطابق ابھی تک کی جانچ میں یہ پتہ چلا ہے کہ انہوں نے امتحان پاس کرانے کے لئے امیدواروں سے پانچ سے آٹھ لاکھ روپئے تک حاصل کئے تھے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ اس معاملے میں ابھی اور لوگوں کی گرفتاری ہونی ہے، فی الحال اس گروپ کے ہیڈ کی تلاش کی جا رہی ہے۔