نئی دہلی: سپریم کورٹ عدالتی احکام کی نقول کی فراہمی کے انتظار میں قیدیوں کی رہائی میں تاخیر ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے انفارمیشن ٹکنالوجی کے بہتر استعمال کے منصوبے پر غور کر رہا ہے۔
چیف جسٹس این وی رمن نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ جیلوں میں ضمانت کے احکامات کی براہ راست فراہمی کے لئے ایک ایسا نظام تیار کرنے پر غور کررہے ہیں، جس سے جیل کے حکام عدالتی حکم کی مصدقہ کاپی کے انتظار میں قیدیوں کی رہائی میں تاخیر نہ کریں۔
جسٹس رمن نے کہا کہ "ہم ٹکنالوجی کے استعمال کے دور میں ہیں۔ ہم الیکٹرانک ریکارڈوں کے تیزی سے ٹرانسمیشن کی ایک اسکیم پر غور کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ تمام احکامات بغیر کسی تاخیر کے متعلقہ جیل حکام تک پہنچ جائے"۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ وہ سیکرٹری جنرل کو دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ اور وہ ایک مہینے میں اس اسکیم کو نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔
جسٹس رمن نے اپنی سربراہی والی بنچ میں ضمانت کے بعد قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کے معاملے پر ازخود نوٹس لئے گئے کیس کی سماعت کے دوران یہ تبصرہ کیا۔