نئی دہلی: ملک بھر میں کانگریس کی ستیہ گرہ جاری ہے۔ دہلی پولیس نے کانگریس رہنما راہل گاندھی کو وجے چوک سے حراست میں لے لیا ہے۔ کانگریس کے اراکین پارلیمان نے پارلیمنٹ سے وجے چوک تک احتجاجی مارچ نکالا تھا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی 'نیشنل ہیرالڈ' سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے دوسرے دور کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئیں۔ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ تقریباً 11 بجے دہلی میں اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع ای ڈی کے دفتر پہنچی تھیں۔ پرینکا گاندھی ایجنسی کے دفتر میں ہی رہیں جبکہ راہل فوراً وہاں سے چلے گئے۔ اس دوران کانگریس کارکنان بڑے پیمانے پر احتجاج کر رہے ہیں، اس احتجاج میں پارٹی کے تمام بڑے رہنما شامل ہیں۔ اس دوران راہل گاندھی کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں اور اراکین پارلیمان نے منگل کو سونیا گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ کے خلاف مظاہرہ کیا، جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ راہل گاندھی اور کانگریس کے کئی دیگر رہنما پارلیمنٹ ہاؤس سے مارچ کرتے ہوئے راشٹرپتی بھون کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن پولیس نے انہیں وجے چوک پر ہی روک دیا۔ جس کے بعد کانگریس رہنماؤں نے وہاں دھرنا دیا۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ راہل کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے جانے سے پہلے راہل نے الزام لگایا کہ 'مودی جی بادشاہ ہیں اور بھارت میں پولیس راج ہے'۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ پولیس نے کانگریس کے اراکین پارلیمان کو وجے چوک پر روک دیا۔ ہمیں راشٹرپتی بھون جانے سے روک دیا گیا۔ زبردستی گرفتار کیا گیا۔ اب ہم پولیس بس میں ہیں، صرف وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو معلوم ہے کہ ہمیں کہاں لے جایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل کانگریس کے اراکین پارلیمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ کی مخالفت کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لیے ایک میٹنگ کی۔ سونیا منگل کو دوسرے دور کی پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے سامنے حاضر ہوئیں۔ ای ڈی نے اس سے قبل نیشنل ہیرالڈ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں جمعرات کو کانگریس صدر سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ اس کے خلاف کانگریس نے پورے ملک میں مظاہرہ کیا تھا۔ پارٹی کے کئی رہنما گرفتار ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: National Herald Case: سونیا گاندھی آج ای ڈی کے سامنے پیش ہوں گی، کانگریس کرے گی احتجاج