نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ڈینٹسٹری فیکلٹی نے تعلیمی سال 2023-24 کے بی ڈی ایس کے طلبا کے لیے رخ ساز تربیتی پروگرام ’پرارمبھ‘ دس سے بارہ اکتوبر 2023 کو فیکلٹی کے لائبریری ہال میں منعقد کیا۔ اپنے خیرمقدمی خطاب میں فیکلٹی کی ڈین، پروفیسر کیا سرکار نے جامعہ کی شان دار تاریخ کے ساتھ ساتھ (پدم شری) پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فعال اور سرگرم قیادت میں یونیورسٹی کی حصولیابیوں اور کامرانیوں کا اجمالی تعارف پیش کیا۔ افتتاحی پروگرام کے مہمان اعزازی پروفیسر پونم سود لومبا، این ایم سی کنوینر، ریجنل سینٹر، میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، مولانا آزاد میڈیکل کالج، دہلی نے اس موقع پر طلبا کو طب کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کے لیے اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں بات چیت، اخلاقیات اور رویہ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔اورینٹیشن پروگرام کا دوسرا ریگنگ مخالف ورکشاپ کے انعقاد سے شروع ہوا جسے پروفیسر پونیت بترا، رکن ڈینٹل کونسل آف انڈیا، پرنسپل مانو رچنا ڈینٹل کالج، فریدآباد نے مذاکراتی نہج پر کیا۔ پروفیسر رئیس الدین، اسسٹنٹ پراکٹر نے موثر انداز میں یونیورسٹی کی ’زیرو ٹولیرینس فار ریگنگ‘ کی پالیسی کو بتایا۔ تربیتی پروگرام کے تیسرے دن پروفیسر اوشوندر کور پوپلی، شعبہ سوشل ورک، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے صنف سے متعلقہ مسائل کے تئیں طلبا میں بیداری و آگہی پیدا کرنے کے لیے صنف حساسیت ورکشاپ منعقد کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
India South Africa Workshop جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہند جنوبی افریقہ ورکشاپ کا انعقاد
فیکلٹی آف ڈینٹسٹری کے سابق طالب علم ڈاکٹر کلیم فاطمہ کے ساتھ طلبا کی بات چیت پروگرام کا خاص حصہ رہا کیوں کہ سارے بیچیز کے طلبا نے ان سے بات کی اور کس طرح علم کی تحصیل میں کامیاب وکامران ہوں اس کے نکات سیکھے۔ تیسرے دن کے پروگرام کے دوران، متعلقہ فیکلٹی کے اراکین نے طلبا کو بطور بی ڈی ایس پروگرام کے طالب علم ہونے کے زندگی کے مختلف پہلوؤں کے متعلق بتایا۔ یونیورسٹی میں موجود بہت ساری اہم باتیں جیسے کہ ہم نصابی سرگرمیوں، ہاسٹل نظام، اسٹوڈینٹ کلب وغیرہ کے متعلق بھی تفصیل سے بتایا گیا اور جامعہ و ہمہ جہت ترقی کے لیے ان سرگرمیوں کی کی اہمیت ہے اس کے متعلق بھی بتایا گیا۔ ڈینٹسٹری اور متعلقہ فیکلٹی میں دستیاب دیگر مواقع سے متعلق طلبا کو جو معلومات دی گئیں انھیں کافی کار آمد معلوم ہوئیں۔
فیکلٹی اراکین کے ہمراہ طلبا نے یونیورسٹی کی متعدد سہولیات جیسے اے جے کے ایم سی آر سی، انصاری آڈیٹوریم، انصاری ہیلتھ سینٹر، انکیوبیشن سینٹر، فیکلٹی آف انجینئرنگ، نینو ٹکنالوجی سینٹر، ذاکر حسین لائبریری، پریم چند آرکائیوز اور سینٹر کینٹین کا دورہ کرکے اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا۔ رخ ساز تربیتی پروگرام کے رابطہ کار پروفیسر انورادھا شرما، پروفیسر شاذیہ مزمل اور پروفیسر رضوانہ ملک تھی۔ تاہم ان کے ساتھ فیکلٹی آف ڈینٹسٹری کی سرگرم منتظمہ کمیٹی، ریسورس پرسن طلبا، رضاکار، غیر تدریسی عملہ اور امدادی اسٹاف بھی ساتھ ساتھ تھا۔