سی پی آئی نے کہا کہ 'وہ ملک میں بائیں بازو تحریک میں پھر سے جان پھونکنے کا کام کرے گی۔کنہیا کمار جیسے نوجوانوں کو پارٹی میں خصوصی جگہ دے کر نوجوان رہنماؤں کو آگے بڑھائے گی۔'
سی پی آئی کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے قومی مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد سکریٹری جنرل سدھاکر ریڈی، سینیئر لیڈر ڈی راجہ اور امرجیت کور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
ریڈی نے اس شکست کی اخلاقی ذمہ داری لی لیکن جنرل سکریٹری کے طور پر استعفیٰ دینے کے بارے میں میڈیا کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'وہ اس شکست کی اخلاقی ذمہ داری تسلیم کرتے ہیں لیکن ہماری پارٹی دیگر جماعتوں کی طرح نہیں ہے اور ہمارے یہاں خاص شخص کی نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داری ہوتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس شکست کا بنیادی سبب یہ ہے کہ تمام سیکولر اور جمہوری جماعتوں سمیت کانگریس بھی حزب اختلاف کو متحد نہیں کرسکی۔'
انہوں نے کہا کہ 'ان کی پارٹی ملک میں تمام بائیں بازو کی پارٹیوں کو ایک ساتھ لے کر بائیں بازو تحریک کو پھر سے کھڑا کرنے کی کوشش کرے گی اور اس تحریک سے نکل کر ایک کمیونسٹ پارٹی بنے گی جو ایک پالیسی پر آگے چل کر اپنے دشمن سے لڑ سکے۔'