جئے رام ٹھاکر نے کہا کہ اس معاملے میں آئی بی ہماچل پردیش میں مقیم دو افراد سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
حوالہ اور جاسوسی کیس سے متعلق سکیورٹی ایجنسیوں نے اپنی تفتیش تیز کردی ہے۔ ایجنسیوں کے ساتھ ہماچل پردیش پولیس بھی تبتی مذہبی رہنما دلائی لامہ کی حفاظت کے بارے میں محتاط ہیں۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر نے دہلی میں گرفتار چینی شہری لوؤ سانگ عرف چارلی پینگ کے ہماچل کنکشن کے بارے میں بات کی ہے۔
وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر نے کہا کہ دہلی سے پکڑے گئے چینی شہری چارلی پینگ کے روابط ہماچل پردیش میں بھی پائے گئے ہیں۔ ہماچل پردیش میں مقیم دو افراد چین کے گرفتار شہری کے ساتھ رابطے میں آئےجس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔
جئے رام ٹھاکر نے کہا کہ 'آئی بی ان دونوں افراد سے پوچھ تاچھ بھی کررہی ہے جس میں اب تک یہ پتہ چلا ہے کہ ایک شخص نے رقم منتقل کی ہے جبکہ یہ افراد مذہبی رہنما دلائی لامہ کی نقل و حرکت کے بارے میں یہ معلومات دے رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دلائی لامہ کے حفاظتی نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
بتادیں کہ سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے چینی شہری چارلی پینگ سے پوچھ تاچھ جاری ہے جسے 1 ہزار کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دوران تفتیش تبت کے اعلی مذہبی رہنما دلائی لامہ کی جاسوسی کا معاملہ کا بھی انکشاف ہوا ہے جس پر ہماچل پردیش پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ چارلی پینگ پر دہلی میں بودھ لاماؤں کو رشوت دے کر دلائی لامہ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا الزام کی وجہ سے انٹلیجنس ڈیپارٹمنٹ اور پولیس عہدیدار گزشتہ تین دنوں سے چوگان، بیڑ اور چونتڈا سے چکر لگا رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی تبت برادری سے تعلق رکھنے والے افراد انکوائری کر رہے ہیں اور معلومات لے رہے ہیں۔ اسی دوران جمعہ کے روز دھرم شالا کی رہائشی ایک غیر ملکی خاتون اور اس کی بیٹی سے تقریباً 2 گھنٹے تک بیجناتھ ڈی ایس پی آفس میں خفیہ طور پر پوچھ گچھ کی گئی۔
نیز سنیچر کے روز ملک بدر کیے جانے والے تبتی باشندوں سے بھی اس معاملے میں پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تفتیش میں انٹلیجنس ڈیپارٹمنٹ چارلی پینگ کے میکلوڈ گنج کنکشن کی تفتیش کررہا ہے۔