نئی دہلی: مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے آیوشمان بھارت - صحت اور تندرستی مرکز کا نام بدل کر 'آیوشمان آروگیہ مندر' کردیا ہے۔ وزارت نے اتوار کو یہاں کہا کہ اس سلسلے میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھا گیا ہے۔ وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری ایل ایس چانگسن نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ آیوشمان بھارت - صحت اور تندرستی مرکز کا نام آیوشمان آروگیہ مندر کیاجانا چاہئے اور نام کے ساتھ آروگیہ پرم دھنم نعرے کا استعمال کیاجانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی
مراکز کے ناموں کی تبدیلی کے عمل کی تفصیلی وضاحت خط میں دی گئی ہیں۔ ہر مرکز کا نام تبدیل کرنے کے لیے 3000 روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ ملک میں 1.5 لاکھ سے زیادہ آیوشمان بھارت- صحت اور تندرستی مرکز ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آیوشمان بھارت - صحت اور فلاح و بہبود کے مراکز کا نام بدل کر 'آیوشمان آروگیہ مندر' رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور مرکزی وزارت صحت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو ری برانڈنگ مشق کو لاگو کرنے کے لیے ایک خط بھیجا ہے- انہوں نے کہا کہ ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ آیوشمان بھارت - صحت اور فلاح و بہبود کے مراکز پورٹل پر ری برانڈڈ بنیادی صحت کی سہولیات کی تصاویر اپ لوڈ کریں۔
یو این آئی