نئی دہلی: پولیس نے قومی دارالحکومت کے کنجھاوالا کیس کے چھٹے ملزم (کار مالک) آشوتوش کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت آشوتوش کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اس معاملے میں گرفتار ہونے والا چھٹا شخص ہے۔ اس سے قبل اس معاملے میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جو پولیس کی حراست میں ہیں۔ وہیں دہلی پولیس نے عینی شاہد ندھی کو تفتیش کے لیے بلایا ہے۔ سپیشل کمشنر آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہڈا نے کہا ’’سلطان پوری کیس کے چھٹے ملزم آشوتوش کو گرفتار کیا گیا ہے، اس نے پولیس کو غلط اطلاعات دی تھیں۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ اس معاملے میں پہلے گرفتار کیے گئے پانچ ملزمان نے مبینہ طور پر آشوتوش سے کار لی تھی۔ پولیس نے جمعرات کو کہا تھا کہ وہ دو مشتبہ افراد کی تلاش میں تھے جو مبینہ طور پر پانچ ملزمان کو بچانے میں ملوث تھے۔ Ankush still away in Kanjhawala Case
ہڈا نے کہا ’’اٹھارہ ٹیمیں تمام زاویوں سے کیس کی جانچ کر رہی ہیں۔ ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔ پانچوں ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں اور تفتیش جاری ہے اور جو بھی نئے سراغ سامنے آئے اس کی تصدیق کی جارہی ہے۔‘‘ اسپیشل کمشنر آف پولیس نے کہا کہ پولیس کے پاس سائنسی ثبوت ہیں کہ دیپک جس نے کار چلانے کا دعویٰ کیا تھا، دراصل کار امیت چلا رہا تھا، جس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی تفتیش اور کال ڈیٹیل کے مطابق مقتول اور عینی شاہد کا ملزم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Kanjhawala Case متاثرہ لڑکی اپنی دوست کے ساتھ تھی، پولیس کا انکشاف
پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت واقعے کے عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مسٹر ہڈا نے پہلے ہی اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ ابھی تک قتل کا مقدمہ نہیں بنایا گیا ہے کیونکہ قتل کے محرک کی ضرورت ہے لیکن ابھی تک تحقیقات میں کوئی مقصد سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ دہلی پولیس نے شہر کے کنجھاوالا علاقے میں ایک کار سے لڑکی کو ٹکر مارنے کے بعد گاڑی سے 12 کلومیٹر تک گھسیٹ کر لے جانے سے ہوئی موت کے معاملے میں اب تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا جاچکاہے۔
یو این آئی