نئی دہلی: مشرقی دہلی میں آج صبح حضرت سید حیدر علی شاہ کے مزار کو جو دہلی وقف بورڈ کے زیرانتظام آتا ہے بغیر کسی اطلاع یا نوٹس کے بلڈوزر کے ذریعے زمین دوز کردیا گیا ہے۔ یہ مزار دہلی وقف کے گزٹ نوٹیفکیشن میں بھی درج ہے۔ اس مزار کی تاریخ تقریباً 200 سال پرانی بتائی جا رہی ہے۔ منہدم کرنے کی کاروائی کے دوران پولیس نے حسن پور ڈپو کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے تھے۔ اس موقع پر ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس گگولوتھ امروتھا اور ایس ڈی ایم سندیپ دتہ بھی موقع پر موجود تھے۔ اس دوران تجاوزات ہٹانے کے کام کے باعث راستے پر آنے والے ٹریفک کا رخ بھی موڑ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
مشرقی دہلی میں حسن پور بس ڈپو کے سامنے پی ڈبلیو ڈی روڈ پر بنے مزار کو غیرقانونی بتاکر آج صبح بلڈوزر کے ذریعے منہدم کردیا گیا۔ مزار کو زمیں دوز کرنے کے بعد پی ڈبلیوں ڈی کی جانب سے ایک جال نسب کیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران دہلی پولیس، پی ڈبلیو ڈی، میونسپل کارپوریشن سمیت کئی محکموں کے اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کی جانب سے تشکیل دی گئی مذہبی کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ حالانکہ دہلی سرکار نے لیفٹیننٹ گورنر کے اس حکم کی مخالفت کرتے ہوئے کارروائی پر روک لگانے کی اپیل کی تھی لیکن لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے دیے گیے حکم پر کارروائیاں جاری ہے۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے حسن پور ڈپو کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے تھے۔