چنڈی گڑھ: ملک کے اہم اپوزیشن لیڈروں کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط پر عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلسل سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے ملک کی جمہوری بنیاد کو ہلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ راگھو چڈھا نے اتوار کو کہا کہ بی جے پی کو جو بھی اپوزیشن پارٹی مضبوط نظر آتی ہے، وہ اس کے پاس سی بی آئی-ای ڈی بھیجتی ہے اور اس کے لیڈروں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے نو اہم اپوزیشن لیڈروں نے ای ڈی سی بی آئی کے چھاپے کے خلاف وزیر اعظم کو خط لکھا ہے۔ خط لکھنے والوں میں چار موجودہ وزرائے اعلیٰ، ایک موجودہ نائب وزیر اعلیٰ اور چار سابق وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔
راگھو چڈھا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی لیڈر منیش سسودیا کی گرفتاری پر ملک میں غصہ ہے۔ ایجنسیوں کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال کی وجہ سے تمام رہنماؤں نے مل کر وزیراعظم کو خط لکھ کر سرکاری اداروں کا غلط استعمال کرکے سیاسی انتقامی کارروائیوں کو بند کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے مودی حکومت ملک کی اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سازش کے تحت صرف اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں پر سی بی آئی-ای ڈی چھاپے مار رہی ہے۔ آج حکومتی ادارے جس طرح جانبدارانہ کارروائیاں کر رہے ہیں اس سے ملک کی جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ہے۔
سی بی آئی-ای ڈی کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 سے اب تک سی بی آئی کے ذریعہ درج کئے گئے مقدمات میں سے 95 فیصد صرف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف تھے۔ یو پی اے کے دوران ای ڈی نے صرف 112 مقامات پر چھاپے مارے۔ لیکن مودی حکومت کے دوران ای ڈی نے 3000 سے زیادہ جگہوں پر چھاپے مارے۔ حال ہی میں ایک اطلاع سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ای ڈی کے ذریعہ درج تمام مقدمات میں سزا کی شرح صرف 0.05 فیصد ہے۔ یعنی عدالت میں تقریباً تمام مقدمات جعلی ثابت ہوئے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے زیر اقتدار ریاستوں میں گورنر کی مداخلت کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ گورنر کے ذریعے مرکزی حکومت ریاستی حکومت کے روزمرہ کے کام کاج میں مداخلت کر رہی ہے۔ یہ جمہوریت کے لیے ایک بری علامت ہے۔
یواین آئی