دارالحکومت دہلی میں میونسپل کارپوریشن پر وقفہ وقفہ سے کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں لیکن آج عام آدمی پارٹی کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں بی جے پی کونسلر کے ذریعہ کیے جانے والے کرپشن کا پردہ فاش کیا گیا۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما درگیش پاٹھک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سنہ 2017 میں میونسپل کارپوریشن کے لیے انتخابات کیے جانے تھے تب بی جے پی کے ریاستی صدر نے نعرہ دیا تھا کہ نئے چہرے نئی اڑان اور تمام کونسلروں کو کرپشن میں ملوث بتاتے ہوئے ان کی جگہ نئے امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن اب جب کہ تمام نئے چہرے ہیں اس کے بعد بھی ایم سی ڈی میں کرپشن کم ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔
اگر درگیش پاٹھک کی مانیں تو نئے چہرے پرانے چہروں سے بھی کہیں زیادہ آگے ہیں۔ ایسے میں یہ بات صاف ہو گئی ہے کہ بی جے پی کبھی کرپشن کے بغیر سیاست میں رہ ہی نہیں سکتی ہے اسی لیے ہم نے آپ کے سامنے بی جے پی کی کونسلر کے جیٹھ کا پردہ فاش کیا ہے جو اپنے علاقے میں لنٹر پانڈے کے نام سے مشہور ہیں ایسا کوئی گھر نہیں ہے جس سے نشانت پانڈے (اصل نام) نے پیسے نہیں لیے ہوں۔
درگیش پاٹھک نے بتایا کہ لوگوں میں ایک بات بہت مشہور ہے کہ لوگ گبر سنگھ سے تو بچ سکتے ہیں لیکن لنٹر پانڈے عرف نشانت پانڈے کی بدعنوانی سے نہیں بچ سکتے۔
حالانکہ اس پورے معاملے کی فون ریکارڈنگ بھی پریس کانفرنس میں پیش کی گئی اور دہلی پولیس سے اپیل بھی کی گئی کہ اس پر کارروائی کی جائے تاکہ ایم سی ڈی میں بیٹھے کرپشن کرنے والے افسران پر بھی کارروائی ہو سکے۔