دارالحکومت دہلی میں بھاٹی مائنز چھترپور کے رادھا سوامی ستسنگ میدان میں 10 ہزار بیڈز پر مشتمل عارضی کووڈ کیئر مرکز تعمیر کیا جارہا ہے۔ بیڈ کی گنجائش اور رقبے کے لحاظ سے یہ اب تک کا سب سے بڑا کووڈ مرکز ہوگا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس کووڈ کیئر سینٹر کا معائنہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
وزیر اعلی نے اس بارے میں وزیر داخلہ کو ایک خط لکھا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بڑے کووڈ کیئر سینٹر کا معائنہ کریں۔
اس خط کے ذریعہ وزیر اعلی نے کووڈ کیئر سینٹر کے آپریشن کا ایک اہم مطالبہ بھی کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کووڈ کیئر سنٹر کو چلانے کے لئے فوج اور آئی ٹی بی پی کے ڈاکٹروں کو مہیا کرائیں۔
واضح رہے کہ 14 جون کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل نے سب سے پہلے اس جگہ کا معائنہ کیا اور انہوں نے مقامی ضلعی انتظامیہ کو یہاں آئیسولیشن مرکز قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔
اس کے بعد یہاں پر تیاریوں کا آغاز ہوگیا اور 18 جون کو وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا ان تیاریوں کا معائنہ کیا تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ دہلی میں کورونا سے متعلقہ نظام کے حوالے سے وزیر داخلہ امت شاہ ان دنوں بہت متحرک ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امیت شاہ وزیر اعلی کی دعوت قبول کرتے ہیں یا نہیں اور فوج کے ڈاکٹروں کو فراہم کرنے کے ان کے مطالبے پر غور کیا جاتا ہے یا نہیں۔