دارالحکومت دہلی کے نائب گورنر انل بیجل نے پیر کے روز دہلی پولیس کمشنر کو شمال مشرقی دہلی میں امن اور قانون کی صورتحال قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
شہریت (ترمیمی) قانون (سی اےاے) کے خلاف اور حمایت میں شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں مظاہرہ پرشدد ہوگیا اور ایک پولیس اہلکار کی موت کی بھی رپورٹ ہے۔
بیجل نے پولیس کمشنر کو شمال مشرقی دہلی میں قانون و انتظام برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 'صورتحال پر قریبی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔'
انہوں نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق شمال مشرقی ضلع کے متاثرہ حصوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ 'مجرموں اور شر پسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔'
پولیس کے مطابق موج پور، كردم پوری، چاند باغ اور ديال پور میں تشدد اور آگزنی کے واقعات ہوئے ہیں۔ پولیس نے لوگوں سے امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'افواہوں پر توجہ نہ دیں۔'
گوکل پوری میں پرتشدد واقعات میں زخمی دہلی پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹبل کی موت ہو گئی ہے اور ایک پولیس ڈپٹی کمشنر کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت کے کچھ حصوں میں تشدد کے واقعات کو افسوسناک بتاتے ہوئے ٹویٹ کے ذریعہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بیجل سے قانون اور امن بحال کرنے کی درخواست کی تھی۔
کیجریوال نے کہا کہ 'کسی بھی شخص کو قانون و انتظام کو ہاتھ میں لینے کی قطعی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔'
انہوں نے لکھا کہ 'دہلی کے مختلف علاقوں میں امن و ہم آہنگی سے متعلق کافی افسوسناک خبریں آ رہی ہیں۔ میں معزز نائب گورنر اور وزیر داخلہ سے قانون کے علاوہ حالات درست کرنے کی درخواست کرتا ہوں، تاکہ دارالحکومت میں امن اور سکون یقینی ہو سکے'۔
نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بھی دہلی سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ 'دہلی کے سبھی عوام سے اپیل ہے کہ امن و امان برقرار رکھیں۔ تشدد میں سب کا نقصان ہے۔ تشدد کی آگ سب کو ایسا نقصان پہنچاتی ہے جس کی تلافی کبھی نہیں ہو پاتی'۔