نئی دہلی: جہانگیرپوری تشدد کیس کے کلیدی ملزم انصار ضمانت پر باہر آنے کے بعد علاقے کی پر امن فضا کو خراب کرنے کے غرض سے لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے جہانگیر پوری پولیس اسٹیشن انصار کے خلاف شکایت درج کرائی۔ جس کے بعد پولیس نے انصار اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انصار ہفتہ کو جیل سے باہر آیا تھا۔ بعد ازاں انصار کے گروہ (جہانگیرپوری تشدد کیس) کے ارکان نے انصار کو پھولوں کا ہار پہناکر زوردار استقبال کیا اور پھر جلوس نکالنے کی کوشش کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق انصار اتوار کے روز علاقے میں گھوم کر پروپیگنڈہ پھیلا کر مقامی لوگوں کو مشتعل کرنے کی بھی کوشش کر رہا تھا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ جہانگیرپوری تشدد کیس کے کلیدی ملزم انصار اور اس کے ساتھیوں کو کرائم برانچ نے گرفتار کیا تھا، گزشتہ دنوں روہنی کورٹ میں پیشی کے دوران پشپا اسٹائل میں عدالت کے اندر جاتے ہوئے انصار کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ فی الحال پولیس انصار اور اس کے ساتھیوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جہانگیر پوری علاقے میں لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل بھی کررہی ہے۔