نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی پر 'جملوں' سے ملک کو برباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جس حکومت نے نوٹ بندی، جی ایس ٹی، زراعت کے سیاہ قوانین لاکر ملک کو برباد کرنے والی حکومت اب اگنی پتھ اسکیم لا کر بدعنوانی کے راستے پر گامزن ہیں۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ملک میں نوٹ بندی نافذ کرکے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے والی، جی ایس ٹی قانون نافذ کرکے تاجروں کو تباہ کرنے والی، کسانوں کے لئے سیاہ قانون نافذ کرکے کسانوں کو برباد کرنے والی، مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر ماؤں بہنوں کے چولہے کو برباد کرنے والی مودی حکومت اب اس ملک کے اندر اگنی پتھ اسکیم لا کر کرپشن کی راہ پر گامزن ہے۔
مودی فوج کو اپنی پرائیویٹ ایجنسی بنانا چاہتے ہیں۔ بھارتی فوج بھارت کا فخر ہے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے موجود ہے۔ بھارتی فوج میں بھرتی ہونے والے ملک کے نوجوان اپنی جان کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم جو مودی لائے ہیں، یہ یقینی طور پر ملک کی نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے لائی گئی ہے۔ نوجوان فوج میں بھرتی ہونے کے لیے چار سال تک تیاری کرے گا۔ چار سال کی تیاری کے بعد بڑی مشکل سے اسے بھرتی کیا جائے گا۔ اس میں سے دو سال ٹریننگ اور چھٹیوں میں جائیں گے۔ وہ صرف دو سال کام کرے گا۔ چار سال کی سروس کے بعد جب اسے سڑک پر پھینک دیا جائے گا تو اس کے سامنے سوائے خودکشی کرنے، بھیک مانگنے، جرم کرنے یا کسی پرائیویٹ کمپنی میں سیکیورٹی اہلکار کی نوکری کرنے کے اور کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
یواین آئی۔