صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے ریاستوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس پیکج کی 7774 کروڑ روپے کی رقم کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی حالات میں اٹھائے جانے والے اقدامات اور تدابیر پر خرچ کی جائے گی جبکہ باقی رقم اگلے چار سال میں مشن موڈ منصوبہ کے تحت خرچ کی جائے گی۔
اس پیکیج کا مقصد ملک بھر میں کورونا کے انفیکشن کی جانچ اور علاج کی سہولیات کو بڑھانا ہے۔ اس کے تحت لازمی طبی آلات اور دواؤں کی خریداری، لیبارٹری، نگرانی بڑھانا اور وسیع پیمانے پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کورونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں حکمت عملی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ابھی ملک میں 223 لیبارٹریوں میں کورونا وائرس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان میں سے 157 سرکاری اور 66 نجی لیبارٹری شامل ہیں۔ وزارت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 4113 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے۔