ملک کے دارالحکومت دہلی میں ویکسین کی قلت نے اب ایک سنگین شکل لے لی ہے۔دہلی حکومت کو ویکسین کی کمی کی وجہ سے 100 سے زیادہ ویکسین مراکز کو بند کرنا پڑا ہے ۔
بدھ کے روز ڈیجیٹل پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت نے ایک کروڑ 34 لاکھ ٹیکوں کا مطالبہ کیا ہے۔ 67 لاکھ کوویشیلڈ اور 67 لاکھ کوویکسین مانگے گئے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویکسین کی قلت کے سبب دہلی کے 17 اسکولوں میں 100 مراکز کو بند کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویکسین کی کمی کی یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے وقت میں بھی ہمارے نوجوان لگاتار مرتے رہیں گے۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے ویکسین کے لئے گلوبل ٹینڈر نکالنے کا مطالبہ کیا اور یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت دیگر دوا ساز کمپنیوں کو ویکسین کا فارمولہ سونپ کر ملک میں ویکسین کی پیداوار بڑھانے کے لئے فوری اقدام کرے۔
نائب وزیر اعلی نے منگل کے روز کوویکسین کی کمپنی کی طرف سے موصول ہونے والے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے دہلی حکومت کو ویکسین فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔کوویکسین کے خط کے مطابق مرکزی حکومت کی طرف سے تعینات عہدیداروں کی اجازت کے بغیر یہ ویکسین دہلی حکومت کو دستیاب نہیں کی جاسکتی ہے۔