ضلع بڈگام کے پولیس اسٹیشن وترہیل سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ شب تیز بارشوں کے سبب عبدالحمید بھٹ ولد غلام احمد بھٹ کے مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ تاہم ان کے مطابق ’’اس سے قبل کہ کوئی بڑا حادثہ رونما ہو جاتا اہل خانہ کو گھر سے بحفاظت نکالا گیا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز جنوبی کشمیر کے کھرم، بجبہاڑہ میں قائم گورنمنٹ مڈل اسکول کی چھت تیز ہواؤں کے دوران اڑ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں بارشوں، برفباری کے علاوہ تیز ہواؤں کی بھی پیش گوئی کی تھی۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارشوں اور برفباری کے سبب جہاں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وہیں کئی نشیبی علاقوں کی رابطہ سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔ موسلا دھار بارشوں کے سبب وادی کے طول و ارض میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثناء مسلسل بارشوں اور چٹانیں گر آنے کے سبب سرینگر - جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔