جزوی طور پر ریل خدمات بحال ہونے سے مسافروں نے راحت کی سانس لی۔ انہوں نے کہا کہ ریل خدمات کے بحال ہونے سے انہیں سفر کرنے میں اب آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں زیادہ کرایہ ہونے سے غریب عوام کا ایک تو پیسہ زیادہ خرچ ہوتا ہے اور ساتھ ہی وقت بھی کافی لگ جاتا ہے۔ ریل خدمات کے بحال ہونے سے مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا۔
آج صرف چار ٹرینیں چلیں۔ دو ٹرینیں بڈگام سے بانیہال کی جانب چلی تو دو بانیہال سے بڈگام کی جانب۔ ٹرینوں کے کم چلنے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صبح سے ہی دوسری ٹرین کا انتظار کر رہے تھے اور دن بھر وہ ریلوے اسٹیشن پر ہی تھے۔ ساتھ ہی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ٹرینوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیف ایریا منیجر ثاقب ملک نے ای ٹی وی بھارت کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ٹرینوں میں اضافہ کیا جائے گا اور مسافروں کو مزید راحت پہنچائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بانہال سے بڈگام ریل خدمات بحال
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے ساتھ ہی ریلوے انتظامیہ نے ریل خدمات کو رواں برس مئی ماہ میں معطل کیا تھا۔ پہلے تو کچھ دنوں کے لئے ہی بند کیا تھا لیکن جب کورونا وائرس کے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہوا تو ریل کی معطلی میں بھی توسیع کی گئی لیکن اب جب کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی تو انتظامیہ نے جزوی طور پر اسے بحال کیا۔