ریشی پورہ بڈگام سے لے کر ریلوے لنک روڈ کو جوڑنے والا پُل مکمل تیار ہونے کے باوجود لوگوں کو سہولت فراہم نہیں ہو رہی ہے۔
اس سڑک کو شروع کرنے کے لیے انتظامیہ نے کئی برس قبل اقدامات کیے تھے لیکن آج تک لوگوں کے لیے اس سڑک کو چالو نہیں کیا جا سکا۔ انتظامیہ نے راستے میں آنے والی نہر پر پُل بھی تیار کیا ہے لیکن ریلوے لنک روڈ کو جوڑنے کے لیے قریب دو سو میٹر کی سڑک کو ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ پُل کے دونوں اطراف سے سڑک تیار ہے لیکن بیچ میں دو سو میٹر روڈ کو ٹھیک کرنے میں انتظامیہ لاپروائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سڑک مکمل ہو جاتی تو یہاں کے بہت سارے علاقوں کے لوگوں کو کافی سہولت فراہم ہوتی۔
طلبا کا کہنا ہے کہ اس راستے کے نہ بننے سے انہیں کئی مرتبہ تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں دیر ہو جاتی ہے۔ طلبا نے بتایا کہ انہیں بڈگام پہنچنے کے لئے گھوم کر جانا پڑتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر یہ سڑک تیار ہو جاتی تو انہیں کافی آسائش ملتی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن ان کے آنگن میں ہونے کے باوجود انہیں ایک گھنٹہ سفر طے کرکے ریلوے اسٹیشن پہنچنا پڑتا ہے۔
اس تعلق سے جب ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے متعلقہ افسر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ سڑک کو مکمل کرنے میں اراضی کا مسئلہ تھا، جو اب حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سہولت پہنچانے کے لئے بہت جلد راستہ کھول دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ضلع بڈگام کی تمام سڑکیں پہلے سے ہی کافی تنگ ہیں۔ ایسے میں اگر یہ راستہ کھلتا ہے تو سڑکوں پر کچھ حد تک ٹریفک کا بہاؤ کم ہو جائے گا۔