وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بڈگام پولیس نے منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے منشیات سمیت ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن خان صاحب کی ایک ٹیم نے نمبلہ ہار کے مقام پر ایک ناکہ قائم کیا۔ ناکے پر انہوں نے تلاشی کے دوران ایک شخص کی تحویل سے 800 گرام (Cannabis Powder) کے علاوہ (Spascore_Von Plus)کی 120 ٹیبلٹس بر آمد کرکے اسے حراست میں لے لیا۔
بڈگام پولیس نے گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت ’’بدنام زمانہ منشیات فروش‘‘ شوکت احمد بنڑرو ولد عبدالاحد بنڑرو ساکنہ بانڈرپورہ (حال، ہاوسنگ کالونی اومپورہ) کے طور پر کی ہے۔
اس ضمن میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں ایک ایف آئی آر 119/2021 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
منشیات کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے کی جا رہی کارروائی کی عوامی حلقوں میں کافی پذیرائی کی جا رہی ہے وہیں پولیس نے بھی ’’ایسے سماج دشمن عناصر کو دھر دبوچنے اور معاشرے سے منشیات کا قلع قمع کرنے‘‘ میں عوامی تعاون طلب کیا ہے۔