’’ضلع بڈگام میں گزشتہ تین دنوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی شخص فوت نہیں ہوا ہے اور ضلع میں مثبت معاملات کی شرح میں بھی کافی کمی واقع ہو رہی ہے وہیں صحتیابی کی شرح 94 فیصد سے بھی زیادہ پہنچ گئی ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ڈپٹی کمشنر شہباز احمد مرزا نے پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی سی بڈگام نے کہا کہ یکم اپریل 2021 سے اب تک ضلع میں کل 13662 مثبت معاملات درج ہوئے ہیں جن میں سے 12685 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا مثبت معاملات میں کمی آئی جب کہ صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں اس وقت 999 فعال کیسز ہیں۔
ڈی سی بڈگام نے مزید کہا کہ ’’رواں ہفتے مثبت معالات کی شرح چار فیصد تھی تاہم گزشتہ دو دنوں میں مثبت معاملوں کی شرح میں کافی کمی درج کی جا رہی ہے اور اب یہ شرح دو فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے سبب ضلع بڈگام میں 79 افراد کی موت ہوئی ہے جب کہ ضلع میں ابھی بھی ایک سو بیس کنٹینمنٹ زونز موجود ہیں۔
ڈی سی بڈگام نے مزید کہا کہ ’’کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے لہٰذا عوام کو ایس او پیز پر عمل پیرا رہنا چاہئے۔‘‘
ویکسینیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 45 برس سے زائد عمر کی صد فیصد آبادی کو جلد ہی ویکینیٹ کیا جائے گا تاہم انہوں نے عوام سے بھی از خود سامنے آکر ویکسین کی خوراک لینے کی اپیل کی۔