جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر آج دوسرے مرحلے کے لیے بیروہ اور کھاگ بلاکوں میں بھی انتخاب عمل میں آیا۔
دونوں بلاکوں کے پولنگ مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ رائے دہنداگان نے اپنے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، دوپہر ایک بجے تک بڈگام ووٹنگ کی شرح 37.72 فیصد درج کی گئی ہے۔
اس ضمن میں کھاگ بلاک سے ڈی ڈی سی کے آزاد امیدوار پیرزادہ محمد شفیع نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مجھے ایک موقع ضرور دینا چاہیے، کیونکہ آج تک کھاگ سے جو بھی امیدوار کامیاب ہوا ہے اس نے علاقے کے لوگوں کو پس پشت ڈال دیا، جس سے لوگ طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہوتے رہے۔
انھوں نے کہا کہ کھاگ کی تعمیر و ترقی کی طرف کسی بھی سیاسی رہنما یا پارٹی نے توجہ نہیں دیا، جس کی وجہ سے لوگ ان کے کھوکھلے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں، اس لیے اب ان کو ایک ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو ان کے ساتھ رہ کر ان کی مشکلات کو دور کرے۔
آزاد امیدوار محمد شفیع کو یقین ہے کہ لوگ انھیں اپنا قیمتی وؤٹ دیکر اکثریت سے کامیاب کرینگے، انھوں نے مزید کہا کہ میں غریب عوام کی مدد کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ چالیس برس سے یہاں پر کسی بھی کامیاب رہنما نے تعمیر و ترقی کی کوئی بات نہیں کی ہے، ہر لحاظ سے کھاگ بلاک کو نظر انداز کیا گیا، ویسے تو جیت اور ہار اللہ کے ہاتھ میں ہے، مگر جو لوگ تبدیلی چاہتے ہیں وہ مجھے اکثریت سے کامیاب کرینگے۔
واضح رہے کہ کھاگ بلاک میں ڈی ڈی سی کے لیے 9 امیدوار میدان میں تھے، اور یہاں پر رائےدہندگان کی مجموعی تعداد 21208 ہے۔