بڈگام (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جدید کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے تحصیل اچھگام میں سروے نمبر 576 کے تحت 117 کنال اراضی منتقل کیے ہیں۔ محکمہ محصولات نے پہلے ہی بڈگام میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے زمین کی منتقلی کو منظوری دے دی تھی۔
ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اینڈ لداخ نے اراضی کی منتقلی کو منظوری دی تھی۔ جبکہ اس حوالہ سے بار ایسوسی ایشن بڈگام نے اچھگام، بڈگام میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کے سلسلے میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی ہے۔ قبل ازیں، بڈگام کے اچھگام علاقے میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اراضی کی منتقلی کی درخواست ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج بڈگام نے دی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بڈگام میں موجودہ کورٹ کمپلیکس میں جگہ کی کمی ہے، اور ناکافی انفراسٹرکچر کی وجہ سے ہجوم کا شکار رہتا ہے۔
مزید پڑھیں: New High Court Complex in Jammu سی جے آئی نے جموں میں نئے ہائی کورٹ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا
ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج بڈگام نے مشاہدہ کیا تھا کہ ’’موجودہ کورٹ کے احاطے میں پر ہجوم عدالتی کمروں سے عدلیہ کے افسران کو بھی کام کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا رہتا ہے۔ پارکنگ کی کمی سمیت تنگ جگہ، انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ ہمارے قانونی نظام کو بھی (یہ سب خامیاں) کمزور کرتی ہیں۔ ان اہم خدشات کی روشنی میں یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ ہم نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر میں تیزی لائیں۔ یہ نہ صرف ترقی اور جدیدیت کی علامت کے طور پر کام کرے گا بلکہ ہمارے شہریوں کی انصاف تک رسائی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔