بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت پولیس اسٹیشن ماگام، پولیس اسٹیشن چرارِ شریف اور پولیس اسٹیشن بڈگام میں ’تھانہ دیوس‘ کا انعقاد عمل میں لایا۔ ان تقاریب میں متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوز، دیگر پولیس افسران کے علاوہ سیول سوسائٹی ممبران، پی آر آئی ممبران، اوقاف کمیٹی ممبران سمیت مقامی ذی عزت شہریوں نے شرکت کی۔
پولیس اسٹیشن ماگام میں منعقدہ ’تھانہ دیوس‘ تقریب کی صدارت ایس آئی علی محمد نے کی، اس تقریب میں ماگام علاقے کے معززین، سرپنچوں، نمبرداروں، یو ایل بی ممبران نے شرکت کی۔ پولیس اسٹیشن چرارِشریف میں بھی اسی طرح کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ایس ایچ او پی ایس چرارِ شریف، ڈپٹی ایس پی (پی) مس انجنا نے کی۔ اس میں چرار شریف کے معززین، نمبرداروں، چوکیداروں اور ملحقہ علاقوں کے پی آر آئز نے شرکت کی۔ اسی طرح کی ایک تقریب پولیس اسٹیشن بڈگام میں بھی ایس ایچ او پی ایس بڈگام انسپکٹر آفتاب لون کی سرپرستی میں انجام دی گئی۔ اس تقریب میں بڈگام قصبہ کے ٹریڈرس یونین، ٹرانسپورٹ یونین، یو ایل بی ممبران، معززین، پی آر آئز کے علاوہ ملحقہ علاقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ان تقاریب کے دوران عوامی دلچسپی کے امور بشمول منشیات کے بڑھتے رجھان، بڑھتی سماجی برائیوں اور دیگر عوامی اہمیت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقاریب کے دوران چیئرنگ افسران نے عوامی وفود کی جانب سے اجاگر کیے گئے امور، شکایات کو تحمل سے سنا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق سبھی شکایات کو قانون کے مطابق نپٹایا جائے گا اور دیگر مسائل کو طے شدہ طریقہ کار کے تحت متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ شیئر کرکے عوامی شکایات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: Budgam Police Organised Thana Diwas بڈگام پولیس نے کیا تھانہ دیوس کا اہتمام
تھانہ دیوس تقاریب کے دوران منشیات کے بڑھتے استعمال اور سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے بڈگام پولیس کی جانب سے عوام سے تعاون طلب کیا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ’’یہ تقاریب پولیس اور عوام کے درمیان خلا کو پر کرنے اور پولیس فورس کو ذمہ دار، شفاف، جوابدہ اور عوامی مطالبات کے تئیں حساس بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘