بڈگام: انتظامی کونسل (اے سی) نے ریشی پورہ، بڈگام میں 125 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ ہسپتال کیلئے 49.32 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ اس سے علاقے کے لوگوں کے لیے معیاری صحت تک رسائی ملنے کی امید ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، ڈاکٹر ارون کمار مہتا، چیف سکریٹری، جموں و کشمیر اور ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری نے میٹنگ میں شرکت کی۔اس ہسپتال سے عوام کو طبی سہولیات ملنے کی تو امید ہے ساتھ ہی ہنر مند،بے روزگار افراد، طبی ماہرین/پیرامیڈکس وغیرہ کو روزگار کے مواقع بھی ملنے کی امید ہے۔
ہسپتال کے تعمیر ہونے کے بعد مقامی لوگوں کو راحت ملے گی اور مریضوں کے علاج میں فوری مدد مل پائے گی۔توقع ہے کہ ضلع بڈگام اور اس کے آس پاس رہنے والی آبادی کے ایک بڑے حصے کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نفسیاتی ہسپتال میں عملے کی برطرفی سے منشیات کے مریضوں کا علاج خطرے میں
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈسٹرکٹ ہسپتال کا قیام سنہ 1979 کے اوائل میں عمل میں آیا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس ہسپتال کی تعمیر و ترقی منجمند سی ہوکر رہ گئی ہے۔ ہسپتال میں جگہ کی کمی، ہسپتال عملہ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کی وجہ سے ضلع بھر کے مریضوں و تیماداروں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔