وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اے ڈی سی نے غلط طریقے سے کاروبار کرنے والے دکانداروں، تاجروں، ہوٹل مالکان و دیگر خورد و نوش کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 74000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان کاروباریوں کے خلاف فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا، جس بنا پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
دراصل ضلع کے مختلف بلاکز کے کیسز کی سماعت کے دوران اے ڈی سی بڈگام نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت تاجروں، ہوٹل مالکان، دکانداروں و دیگر کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیا۔
وہیں کمشنر آف فوڈ سیفٹی شکیل الرحمان نے سبھی تاجروں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اگر ضلع میں کسی کو بھی غلطی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سختی برتی جائے گی، خصوصاً جن پر پہلے ہی جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'سری نگر میں آڈ - ایون فارمولہ نافذ ہوسکتا ہے'
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی، جس میں ان کو غیر معیاری خورد و نوش یا قیمتوں میں اضافہ کرنا، کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو مقررہ قیمتوں پر فروخت کرنا لازمی ہے تاکہ لوگوں کو راحت ملے۔