بڈگام: جموں و کشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک نوزائیدہ بچی کی لاش بر آمد کی ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں مقامی باشندوں کو حبر نالہ کے قریب نوزائیدہ بچی کی لاش برآمد ہوئی جس کے بعد انہں نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن کھاگ کو اطلاع دی۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور بچی کی لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس اسٹیشن کھاگ نے اس ضمن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایک پولیس افسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’موت کی وجہ جاننے کے لیے بچی کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی مزید تحقیقات انجام دی جائے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ تمام طبی اور قانونی کارروائی انجام دینے کے بعد نوزائیدہ بچی کو کھاگ کے مقامی مقبرے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Decomposed body of new born found in Lucknow
ادھر، مقامی باشندوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔ مقامی باشندوں نے کہا: ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بچی کو پیدائش کے بعد (زندہ) یہاں چھوڑ دیا گیا اور سردی کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی ہے۔‘‘ پولیس حکام نے بچی کو زندہ یا مردہ حالت میں چھوڑے جانے سے متعلق کہا کہ ’’پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہی بچی کے مرنے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔‘‘ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گاؤں میں اس طرح کی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔