بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ہردہ پنزو علاقے میں پیر کی سہ پہر ایک مزدور کی بجلی کرنٹ لگنے سے موت واقع ہو گئی۔ ایک اہلکار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’دانس، بیروہ علاقے کا رہنے والا عبد الرشید گنائی ولد عبدالکریم گنائی کو وڈی پورہ، ہردہ پنزو علاقے میں میں اس وقت بجلی کے راست رابطے میں آگیا جب وہ درخت کاٹ رہا تھا۔‘‘ عہدیدار کے مطابق بجلی کا کرنٹ اس قدر زور دار تھا کہ جس سے چالیس سالہ عبد الرشید کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ حادثہ کی خبر موصول ہوتے ہی بڈگام پولیس جائے موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور بعد ازاں لاش کو مزید اور لازمی کارروائی کے لیے پی پی ہردہ پنزو لے جایا گیا۔ پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ میت کی طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے جسد خاکی کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں بجلی کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں میں کافی اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ محکمہ بجلی، انتظامیہ کی جانب سے بجلی ترسیلی نظام کو بہتر بنائے جانے کے بلند و بانگ دعوے زمینی سطح پر محض کھوکھلے دکھائی دے رہے ہیں، وادی کشمیر میں آج بھی کئی ایسے دیہات ہیں جہاں بجلی کے کھمبے انتہائی بوسیدہ ہو چکے ہیں جبکہ ترسیلی لائنز بھی خستہ ہو چکی ہیں اور بعض مقامات پر عارضی کھمبوں اور سرسبز درختوں کے ساتھ باندھ دی گئی ہیں اور خستہ حال بجلی ترسیلی نظام کے باعث متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں کئی جانیں تلف جبکہ متعدد افراد عمر بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: PDD Line Man Electrocuted : بجلی کرنٹ لگنے سے پی ڈی ڈی عارضی ملازم ہلاک