گیا: بہار کے ضلع گیا میں پوسٹ میٹرک و پری میٹرک اسکالرشپ سمیت دیگر اقلیتی اسکیمز سے متعلق محکمہ حساس ہے۔ آج پوسٹ میٹرک وپری میٹرک اسکالرشپ 2022 کے درخواست دہندگان کی جانچ کی گئی۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر جتیندر کمار نے نمائندہ کو فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی ٹیم امام گنج ڈومریا بلاکس کے علاقوں میں گئی، یہاں پر واقع اسکولوں کی جانچ کی جا رہی ہے کہ درخواست میں دی گئی جانکاری کے مطابق اس مقام پر اسکول ہے یا نہیں؟ وہاں اس اسکول میں کتنے اقلیتی طبقے کے بچوں کا داخلہ ہے اور جتنے درخواست دہندگان طلبہ و طالبات ہیں وہ زیر تعلیم ہیں یا نہیں؟ ان ساری چیزوں پر تحقیقات کی جارہی ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ سبھی کام شفافیت کے ساتھ ہوں اور جو مافیا اپنے مفاد میں بچوں کا نقصان کرتے ہیں، ان کی پہچان کرکے ان کے خلاف کارروائی ہو۔ Verification of Scholarships in Gaya
واضح رہے کہ ضلع گیا میں اس مرتبہ بھی بڑے پیمانے پر پوسٹ وپری میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے لیے درخواست بھری گئی ہے کاغذات کی جانچ مکمل ہوچکی ہے صرف اسکولوں کا وریفیکشن ہورہا ہے تاکہ کہیں سے کوئی معاملہ پیش نہ آئے۔