گیا: یو پی ایس سی کوالیفائی کرنے والے گیا کے سندیپ کمار کا آمس بلاک کے بیدہ گاؤں میں واقع مدرسہ جامعہ عربیہ تحفیظ القرآن میں شاندار استقبال کیا گیا۔ یہاں مدرسہ کے ناظم اعلی مولانا حذیفہ ، آر جے ڈی لیڈر وسیم اکرم ریٹائرڈ استاد ظہیر انور، سماجی کارکن زیدی خان نے ان کا استقبال کیا اور حوصلہ افزائی کی، اس دوران سندیپ نے مدرسہ میں زیر تعلیم درجنوں بچوں سے مصافحہ کیا اور ان کا تعارف جانا۔
ساتھ ہی بچوں کو وقت کی پابندی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ سندیپ نے طالب علموں سے کہاکہ زندگی میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے آپ کو صرف مثبت رویہ کے ساتھ مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے، تب ہی کامیابی آپ کے قدم چومے گی اپنی مذہبی تعلیم کے ساتھ دل لگاکر عصری تعلیم بھی حاصل کریں اور ایک ہدف رکھیں کہ انہیں کیا بنا ہے۔
مولانا حذیفہ نے بتایا کہ سندیپ کمار شیرگھاٹی سب ڈویژن کے ڈومریا بلاک کے تحت منجھولی گاؤں کے رہنے والا ہے پڑھائی کے دوران ان کے والد شمبھو پرساد گپتا کا سال 2017 میں انتقال ہوگیاتھا۔ اس کے باوجود وہ اپنی جدوجہد کے راستے سے نہیں ہٹے اور پہلی ہی کوشش میں یو پی ایس سی جیسے مشکل امتحان میں 697 رینک حاصل کرکے علاقے میں تاریخ رقم کی۔
مزید پڑھیں:Gaya Municipal Corporation By Election گیا میں فیس ٹیگ ایپ سے ووٹرز کی جانچ ہوگی
طلبا سے انہوں نے کہاکہ وہ انکے تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، تعلیم کے تعلق سے کسی طرح کی بھی مدد چاہیے تو طلبہ ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر مولانا شاہنواز، حافظ شہباز، شاہنواز، استاد انعام، شکیل، سماجی کارکن ظفر الباری، محمد کلیم وغیرہ موجود تھے۔