گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں سابق رکن پارلیمان شہاب الدین مرحوم کی آج دوسری برسی منائی گئی۔ ضلع کے گاندھی منڈپ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انورعلی فاونڈیشن کی جانب سے ایک مجلس منعقد کی گئی۔ ضلع میں آج سیوان کے سابق رکن پارلیمان مرحوم شہاب الدین کی دوسری برسی منائی گئی۔ شہر کے گاندھی میدان میں واقع گاندھی منڈپ میں خراج عقیدت کے لیے تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر کے سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کرکے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
خراج عقیدت پروگرام کا اہتمام انورعلی خان فاونڈیشن کی جانب سے کیا گیا، جس میں فاونڈیشن کے سربراہ انور خان بھی موجود تھے۔ اسکے علاوہ سنی وقف بورڈ کے سابق ایڈمنسٹیٹر سیدشارم علی بھی شریک ہوئے۔ اس دوران شہاب الدین مرحوم کی یادوں کا ذکر کیا گیا جو انہوں نے دوران رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی کے طور پر کیا تھا۔ شرکاء نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی شناخت غریبوں اور بے سہارا مزدوروں کی مدد کی تھی۔
مزید پڑھیں:۔ شہاب الدین کی علاج میں لاپرواہی کا الزام
واضح رہے کہ سیوان کے رہنماء اور آرجے ڈی کے قدآور رہنماء شہاب الدین کا یکم مئی 2021 کو دہلی کے ایک ہسپتال میں کورونا کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔ وہ تہاڑ جیل میں بند تھے، اس دوران وہ کورونا سے متاثر ہوگئے تھے۔ لواحقین نے انکی موت کے بعد تدفین کے لیے میت سیوان لانے کے لیے حکومت سے مطالبہ کیا تھا تاہم کورونا کی گائیڈ لائنز کی وجہ سے لاش بہار نہیں لائی جاسکی، جس کی وجہ سے انکی تدفین دہلی کے ایک قبرستان میں انجام پائی حالانکہ آر جے ڈی کے اعلی قیادت پر شہاب الدین کو نظرانداز کیے جانے کا الزام بھی لگا اور کہا گیا کہ اس وقت حزب اختلاف کے رہنماء تیجسوی یادو نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ آج انکی دوسری برسی سیوان سے لیکر ضلع گیا تک منائی گئی ہے