ریاست بہار کے ضلع گیا کے عالمی شہرت یافتہ بودھ گیا کے کالچکر میدان میں جمعہ کو دلائی لامہ کے گفتگو سیشن کا دوسرا دن تھا۔
تبتی مذہبی رہنما دلائی لامہ نے بنگلہ دیش اور میانمار کے غمزدہ و مظلوم مہاجرین اور افریقہ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ افریقہ میں سیلاب اور آگ سے لوگ پریشان اور افسردہ ہیں ان کی بہتری کے لیے دعا کریں اور تعاون کے ہاتھ بڑھائیں۔
دلائی لامہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں جو غمزدہ افراد ہیں ان کی مدد کرنی چاہئے۔ جو ابھی بھی بنگلہ دیش اور میانمارکے مہاجر ہیں ہم ان مہاجرین کے لیے دعا کر سکتے ہیں۔
دلائی لامہ نے اپنے خطاب میں سب سے بڑی بات آج سی اے اے اور این آر سی کے مظاہروں کے درمیان یہ کہتے ہوئے اپیل کی کہ 'ہمیں بنگلہ دیش اور میانمار سے آنے والے مہاجرین کی مدد کرنا چاہئے'۔
دلائی لامہ نے کہا کہ تمام مذہبی بڑی روایات محبت، احسان اور صلہ رحمی کا پیغام دیتی ہیں انسان کا سب سے بڑا مذہب رحمت اور معاف کرنے کا احساس ہے۔
جمعہ کے دن بودھ گیا میں پانچ روزہ خصوصی تعلیمی سیشن کے دوسرے دن دلائی لامہ نے بودھ مذہب کے پیشواوں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سبھی نے امن ، رحمت اور ہمدردی کا پیغام عام کرنے کا درس دیا ہے ۔
واضح رہے کہ دلائی لامہ کا بودھ گیا میں خصوصی تعلیمی سیشن جاری ہے اور وہ 24 دسمبر سے بودھ گیا کے دورے پر ہیں۔
گیا میں امریکہ، روس، انڈونیشیا، کمبوڈیا، جرمنی، اسپین، کوریا، فرانس، چین، ویتنام، تھائی لینڈ، جاپان، منگولیا، ہنگری، نیپال، بھوٹان اور تبت سے 40 ہزار کے قریب بودھیسٹ دلائی لامہ کا خطاب سننے کے لیے بودھ گیا پہنچے ہوئے ہیں۔