سینیئر کانگریسی رہنما اور اترا کھنڈ 'یوپی اور میزورم کے سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی نے کانگریس کی قیادت کو یہ باور کرایا ہے کہ 'مسلمان نہ تو کانگریس کے غلام ہیں اور نہ ہی کسی پارٹی کا بندھوا مزدور ہیں'۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 'مدھیہ پردیش اور مرکزی کانگریسی قیادت کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اب مسلمان اپنی ذلت قطعی برداشت نہیں کرے گا'۔
ڈاکٹر عزیز قریشی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ضمنی انتخابات کے لیے ریاستی کانگریس نے اسٹار کمپینر کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں کسی بھی مسلمان رہنما کا نام شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید کانگریس کی قیادت یہ بھول گئی ہے کہ ریاست میں پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں مسلمان ہی کانگریس پارٹی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ شدت پسند ہندو توا نظریات رکھنے والی بی جے پی کو خوش کرنے کے لیے مسلمانوں کو در کنار کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر عزیز قریشی نے مزید کہا کہ مرکزی اور ریاستی سطح کی پارٹی قیادت خود کو ضرورت سے زیادہ بڑا سمجھ رہی ہے۔
قریشی نے کہا کہ ان لوگوں نے کانگریس پارٹی پر پوری طرح قبضہ کرکے نہرو گاندھی خاندان کو گمراہ کیا ہے، اور یہی رہنما آج کانگریس کے موجودہ بدترین حالات کے لیے ذمہ دار ہیں۔
ڈاکٹر عزیز قریشی نے مزید کہا کہ اب سے 40 برس قبل جب وہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں لاٹھیاں کھا رہے تھے اور جیل بھرو تحریک چلا رہے تھے تب شاید آج کل کے بڑے کانگریسی رہنما اپنے گھروندوں میں کھیل رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایسے رہنما کو اپنی اوقات خود پہچاننی چاہیے اور جن لوگوں نے ماضی میں اندرا کانگریس اور اندرا گاندھی کے لیے اپنی جو خدمات دی ہیں، ان کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی عزت کرنی چاہیے۔