دربھنگہ میں قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) پر روک لگانے کے مطالبہ کے پیش نظر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسوادی لینن وادی) آئندہ 25 فروری کو بہار اسمبلی کا گھیراﺅ کرے گی۔
پارٹی کے پولیٹ بیورو رکن دھیریندر جھا نے آج نامہ نگاروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہری رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) ایک مربوط وفاقی منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قانون سے سب سے زیادہ مشکل بہار کے لوگوں کو ہوگی، کیونکہ آج سب سے زیادہ بہار کے عوام پورے ملک میں روزی روٹی کمانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسام این آرسی میں جس طرح ہزاروں بہاری پریشان ہیں ملک گیر این آر سی میں لاکھوں لوگ پریشان ہوں گے۔
مسٹر جھا نے کہا کہ این پی آر اور این آر سی میں سب سے زیادہ پریشانی دلتوں، قبائیلی اور پسماندوں کو ہوگی، کیونکہ ملک میں مسلموں سے بھی زیادہ بے زمین افراد دلتوں اور قبائلیوں میں ہیں۔
انہوں نے اس مسئلے پر اسمبلی میں خصوصی بحث کرانے اور یکم اپریل سے شروع ہونے والے این پی آر پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی این پی آر پر روک لگانے کے مطالبے پر آئندہ 25 فروری کو اسمبلی کا گھیراﺅ کرے گی، جس میں لاکھوں افراد شامل ہوں گے۔