ریاست بہار کے ضلع گیا میں روایتی دھان کی کاشتکاری کو چھوڑ کر ضلع کے نگر بلاک کے بیتھو شریف کے تین بھائیوں نے شملہ مرچ کی کاشت شروع کیاہے ۔
ان لوگوں کو مرچ کی کاشت کاری کرنے کے لئے ضلع محکمہ باغبانی نے کاشتکاری میں لگنے والی رقم میں 75 فیصد سبسڈی بھی دی ہے۔
ضلع گیا میں شملہ مرچ کی اچھی کھپت ہے، شملہ مرچ کا استعمال اب گاوں سے لیکر شہروں اور ہوٹلوں میں خوب ہونے لگے ہیں ۔ محکمہ باغبانی کے اقدام پر ضلع گیا کے بیتھو شریف میں پہلی بار شملہ مرچ کی کاشتکاری کی جارہی ہے۔ اس سے قبل شملہ مرچ دوسری ریاستوں سے یہاں آتی تھی، محکمہ کا دعوی ہے کہ آنے والے دنوں میں ضلع کی سبزی منڈی کو مرچ کے لئے دوسری ریاستوں پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ شملہ مرچ کاشت کرنے والے کسان نے بنگلور سے مرچ کے بیج منگوائی ہے۔ کاشتکار بیج سے نرسری میں پودا تیار کرتے ہیں اور پھر اسے تیار کرکے کھیت میں لگاتے ہیں، تقریبا 45 دنوں کے بعد اس میں پھول اور مرچیں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔
کسان دھرمیندر کمار نے بتایا کہ پہلے اس زمین پر وہ اور انکے بھائی دھان اور پیاز کی کاشت کیا کرتے تھے، محکمہ باغبانی کے اہلکار نے مجھے شملہ مرچ کی کاشت کرنے پر راضی کیا۔ تب ہم تینوں بھائیوں نے اتفاق کیا اور شملہ مرچ کی کاشت شروع کی۔
اس پر تقریبا 28 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے، جس میں انکے ذریعے صرف 7 لاکھ روپے جمع کئے گئے ہیں اور باقی پیسے سبسڈی کے طور پر ادا کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کاشتکاری میں محکمہ کے افسران وقتا فوقتا معائنہ کے لئے آتے ہیں اور ضروری ہدایات بھی دیتے ہیں۔
محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر اوم پرکاش مشرا نے بتایا کہ بیتھو شریف میں دو ہزار مربع فٹ میں شملہ مرچ کی کاشتکاری کی جارہی ہے۔